ممبئی، 7/دسمبر (ایس ا و نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج کو 20 دن گزر چکے ہیں، لیکن اب بھی کئی لوگ ان پر یقین کرنے سے قاصر ہیں۔ ای وی ایم پر مسلسل سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اور مختلف دلائل پیش کیے جا رہے ہیں۔ ای وی ایم پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے آج شیوسینا یو بی ٹی کے اراکین اسمبلی نے اسمبلی میں حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کر دیا۔ شیوسینا یو بی ٹی کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے اس موقع پر کہا، ’’ہم نے حلف برداری میں شرکت نہیں کی کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ ای وی ایم کے ذریعے جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔‘‘
آدتیہ ٹھاکرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں ای وی ایم پر شبہ ہے۔ یہ مہاراشٹر کی عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ یہ ای وی ایم اور الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، اس لیے آج ادھو گروپ کے اراکین اسمبلی حلف نہیں لیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’عوام کا مینڈیٹ ہوتا ہے تو لوگ خوش ہوتے ہیں، جشن مناتے ہیں، لیکن انھوں نے جشن بھی نہیں منایا۔ ہم حلف نہیں لے رہے ہیں، کیونکہ لوگوں کے ذہن میں اندیشے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ آج سے مہاراشٹر اسمبلی کا سہ روزہ خصوصی اجلاس شروع ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے و اجیت پوار سمیت مہایوتی کے کئی اراکین نے اسمبلی رکن کے طور پر حلف برداری کی۔ حالانکہ مہا وکاس اگھاڑی کے اراکین اسمبلی نے آج حلف نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ انھوں نے انتخاب میں ای وی ایم کے غلط استعمال کا الزام عائد کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
اس معاملے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی چیف اجیت پوار نے کہا کہ آج اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا ہے۔ انھیں سمجھنا چاہیے کہ انتخاب ہوا اور لوگوں نے (ہمیں) کامیاب بنایا ہے۔ اس وقت واک آؤٹ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا۔ اگر انھیں کچھ کرنا ہے تو الیکشن کمیشن کے سامنے جانا چاہیے۔ ساتھ ہی اجیت پوار نے کہا کہ اگر ان کو (اپوزیشن کو) ایوان کی کارروائی میں حصہ لینا ہے تو حلف لینا ہی ہوگا۔